اسلام آباد: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیا گیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے باقاعدہ درخواست سیکرٹری قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کرائی گئی، جس پر 74 اپوزیشن اراکینِ اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔
درخواست جمع کرانے کے موقع پر چیف وہپ عامر ڈوگر، سابق اسپیکر اسد قیصر اور دیگر اپوزیشن رہنما بھی موجود تھے۔ اپوزیشن اراکین نے محمود خان اچکزئی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان میں اپوزیشن کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے تین اراکین قومی اسمبلی — علی افضل ساہی، عمر فاروق اور صاحبزادہ محبوب سلطان — ملک سے باہر ہونے کے باعث درخواست پر دستخط نہیں کر سکے، تاہم ان کی غیر موجودگی میں بھی اپوزیشن نے مطلوبہ اکثریت حاصل کر لی۔
سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی نے اپوزیشن کی درخواست وصول کر کے اس کی تصدیق کی، جبکہ ایڈوائزر آفس نے درخواست کو باضابطہ طور پر ڈائری نمبر الاٹ کر دیا ہے۔ اب اسپیکر قومی اسمبلی کی منظوری کے بعد محمود خان اچکزئی باقاعدہ طور پر ایوان میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ سنبھالیں گے۔