لاہور: پاکستان اور بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان 5 اکتوبر کو کھیلا گیا ون ڈے ورلڈ کپ میچ ناظرین کی تعداد کے اعتبار سے تاریخ رقم کر گیا، جس نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تمام سابقہ ریکارڈز توڑ ڈالے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق یہ تاریخی میچ مجموعی طور پر 2 کروڑ 84 لاکھ افراد تک پہنچا، جب کہ میچ کے دوران ناظرین نے مجموعی طور پر 1.87 ارب منٹ کا مواد دیکھا۔ اس طرح یہ میچ ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ قرار پایا۔
ورلڈ کپ کے لیگ مرحلے کے پہلے نصف حصے میں بھی ڈیجیٹل اور ٹی وی پلیٹ فارمز پر شائقین کی دلچسپی غیر معمولی رہی، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا یہ میچ ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا لیگ میچ بن گیا۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ مقابلے ہمیشہ سے شائقین کی توجہ کا مرکز رہے ہیں، مگر اس بار ویمنز کرکٹ میں ناظرین کی یہ تعداد ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوئی ہے، جو کھیل میں خواتین کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور عالمی سطح پر ان کی پذیرائی کی عکاسی کرتی ہے۔