لاہور: حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں سستا گوشت دستیاب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزارتِ پیداوار کے ذرائع کے مطابق حالیہ سیلابوں کے باعث زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں مٹن، بیف، انڈے اور چکن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ان حالات کے پیشِ نظر حکومت نے تجویز دی ہے کہ مٹن، بیف، انڈے اور چکن کی برآمدات (ایکسپورٹ) پر عارضی پابندی عائد کی جائے تاکہ مقامی منڈیوں میں ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق گوشت کی بے جا مہنگائی کا اثر اب مرغی کے گوشت پر بھی پڑ رہا ہے، جس کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ وزارت پیداوار کے مطابق بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو اور مٹن کی 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور سمیت ملک کے کسی بھی شہر میں یہ نرخ عملاً نافذ نہیں ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ مارکیٹ میں مٹن 2500 سے 3000 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اگر ایکسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ نافذ کیا گیا تو مقامی منڈی میں طلب اور رسد کا توازن بہتر ہوگا اور عوام کو خاطر خواہ ریلیف مل سکے گا۔

