اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان آج عالمی سطح پر اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہوچکا ہے، مسلم لیگ (ن) ملک کی تعمیر و ترقی کی علامت ہے جس نے ہمیشہ عوام کی خدمت اور ملکی استحکام کو ترجیح دی۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں جتنے بھی بڑے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، ان سب پر مسلم لیگ (ن) کی تختی لگی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ ترقی، خوشحالی اور استحکام کی سیاست کی ہے، جبکہ مخالفین نے محض انتشار اور الزام تراشی کو فروغ دیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کو دیا گیا کرارا جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہی وہ جماعت ہے جس نے ملک سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، توانائی کے منصوبے مکمل کیے، انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا اور سی پیک جیسے تاریخی منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے دور میں ملک کو سیاسی عدم استحکام اور معاشی بحرانوں میں دھکیل دیا، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، اور ملک کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے، تعلیمی، صحت، زراعت اور انفراسٹرکچر کے میدان میں نمایاں بہتری آرہی ہے، اور مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت کے مشن کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔

