اسلام آباد: پاکستان میں موبائل فونز کی درآمدات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ تین ماہ کے دوران ملک نے مجموعی طور پر 50 کروڑ ڈالرز مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں موبائل فونز کی درآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 103 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ماہانہ بنیادوں پر صرف ستمبر 2025 میں یہ اضافہ 28.58 فیصد رہا۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ستمبر 2025 میں سالانہ بنیادوں پر موبائل فونز کی درآمدات میں 94.48 فیصد کا اضافہ ہوا۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے آغاز سے ہی درآمدی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے، جس کی بڑی وجہ مارکیٹ میں معاشی استحکام کے بعد طلب میں اضافہ اور درآمدی پابندیوں میں نرمی بتائی جا رہی ہے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران موبائل فونز کی مجموعی درآمد 50 کروڑ ڈالرز تک جا پہنچی، جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم صرف 24 کروڑ 62 لاکھ ڈالرز تھا۔ صرف ستمبر 2025 میں پاکستان نے 19 کروڑ 95 لاکھ ڈالرز کے موبائل فون درآمد کیے، جو ستمبر 2024 کے 10 کروڑ 26 لاکھ ڈالرز کے مقابلے میں تقریباً دو گنا اضافہ ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق اگست 2025 میں موبائل فونز کی درآمدات 15 کروڑ 52 لاکھ ڈالرز رہیں، جب کہ جولائی 2025 میں یہ 14 کروڑ 53 لاکھ ڈالرز تھیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نمایاں اضافے سے ملک کے تجارتی خسارے پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، تاہم درآمدی صنعت کے لیے یہ رجحان معاشی سرگرمیوں کے دوبارہ بحال ہونے کی علامت بھی سمجھا جا رہا ہے۔

