اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پاک افغان کشیدگی اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، طارق فضل چوہدری، فاروق ایچ نائیک اور شیری رحمان بھی شریک ہوئیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورۂ سعودی عرب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق گفتگو کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور نئے وزیراعظم کے انتخاب سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک افغان سرحدی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور اس حوالے سے ممکنہ سفارتی و سیکیورٹی اقدامات پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم اور صدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملکی سلامتی، داخلی استحکام اور خطے میں امن کے لیے سیاسی ہم آہنگی اور مضبوط مؤقف ناگزیر ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری کو حکومتی کارکردگی، اقتصادی چیلنجز اور سیاسی رابطوں سے متعلق بھی آگاہ کیا، جبکہ صدر نے پارلیمانی ہم آہنگی اور قومی اتفاقِ رائے کے فروغ پر زور دیا۔ ملاقات کو حالیہ ملکی سیاسی منظرنامے کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

