کراچی محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کی تاریخ میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے نوٹیفیکیشن کے مطابق جدید سکیورٹی فیچرز سے آراستہ نئی نمبر پلیٹس حاصل کرنے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں یہ ڈیڈ لائن 31 اکتوبر 2025 کو ختم ہو چکی تھی، تاہم شہریوں کی مشکلات اور درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دو ماہ کی اضافی مہلت دی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق سندھ بھر میں تقریباً 65 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 33 لاکھ سے زائد صرف کراچی میں رجسٹرڈ ہیں۔ تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ بیشتر شہری موٹر سائیکلیں خریدنے کے باوجود انہیں اپنے نام پر رجسٹرڈ نہیں کرواتے بلکہ اوپن لیٹر پر استعمال کرتے ہیں، جو کہ قانوناً جرم ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ ایکسائز نے اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹس کے استعمال کی آخری تاریخ 31 اکتوبر 2025 مقرر کی تھی، تاہم شہریوں کی جانب سے پلیٹس کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات اور بڑھتے ہوئے رش کے باعث تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر نئی سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹس حاصل کر لیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
یہ اقدام نہ صرف جعلی نمبر پلیٹس کے خاتمے کے لیے اٹھایا گیا ہے بلکہ گاڑیوں کے ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور محفوظ نظام سے جوڑنے کے عمل کا بھی حصہ ہے۔

