لاہور: ماہرین چشم نے خبردار کیا ہے کہ موبائل فون کے زیادہ استعمال کے باعث کم عمر بچوں میں نظر کی کمزوری کی بیماری میوپیا یعنی دور کی نظر کی کمزوری تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
یہ انکشاف لاہور کے مغل آئی ٹرسٹ اسپتال کے شعبہ پیڈیاٹرک آپتھامولوجی کے زیر اہتمام ایک سیمینار کے دوران کیا گیا، جہاں ماہرین نے والدین کو بچوں کے اسکرین ٹائم میں کمی لانے کی سخت ضرورت پر زور دیا۔
سربراہ شعبہ پیڈز آپتھامولوجی پروفیسر سیما قیوم نے بتایا کہ مسلسل موبائل اسکرین دیکھنے سے آنکھ کی ساخت میں تبدیلی آتی ہے۔ بچے جب دیر تک اسکرین پر نظریں جمائے رکھتے ہیں تو نہ پلک جھپکتے ہیں اور نہ ہی وقفہ لیتے ہیں، جس سے آنکھوں پر دباؤ بڑھتا ہے اور رفتہ رفتہ میوپیا پیدا ہو جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب 10 سال سے کم عمر کے بچوں میں بھی یہ مرض عام ہوتا جا رہا ہے، کئی بچوں کو منفی 7 سے منفی 10 نمبر تک کی عینکیں لگ چکی ہیں۔ پروفیسر سیما قیوم کے مطابق 10 سال تک کی عمر کے تقریباً 40 فیصد بچے میوپیا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ ہر سال اس بیماری میں 14 فیصد اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کے موبائل فون اور ٹیبلٹ کے استعمال پر پابندی لگائیں، انہیں زیادہ وقت باہر کھلی فضا میں کھیلنے دیں تاکہ آنکھوں کو قدرتی روشنی میسر آئے اور نظر کی کمزوری سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

