چترال: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیاست اپنی جگہ، مگر ملک کی ترقی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سب کو ایک رہنا ہوگا۔ وہ چترال میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چترال کے خوبصورت علاقے میں آنا میرے لیے باعثِ مسرت ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام بہادر، محبِ وطن اور غیور ہیں جنہوں نے پاکستان کے دفاع اور استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ چترال کے عوام نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ نہایت مہذب اور پُرامن ہیں، یہاں آکر دلی خوشی ہوئی۔ نواز شریف ہمیشہ پورے ملک کی ترقی کے لیے کوشاں رہے ہیں اور انہیں خیبرپختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں سے خصوصی دلچسپی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ چترال کے عوام کے لیے ایک خاص تحفہ لے کر آئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکول منصوبہ کسی کا احسان نہیں بلکہ چترال کے عوام کا حق ہے۔ یہ ادارہ عام آدمی کے بچوں کو معیاری اور مفت تعلیم فراہم کرے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاق چترال کے تعلیمی منصوبوں میں بھرپور تعاون کرے گا تاکہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم اور جدید سہولیات میسر آ سکیں۔ وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ چترال کے بچوں اور بچیوں کو لیپ ٹاپس بھی دیے جائیں گے تاکہ وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مئی میں بھارت کے ساتھ جنگ میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیرِ قیادت پاک فوج نے دشمن کو چار دن میں شکست فاش دی۔ اس موقع پر انہوں نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بھارتی طیارے گرا کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا اور تاریخ انہیں اس کردار کے باعث سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاست سب کا حق ہے، لیکن قومی مفاد میں اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ میں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو فون کرکے مبارکباد دی ہے اور وفاقی تعاون کی پیش کش بھی کی ہے۔ امید ہے کہ وہ اس پیش کش کو قبول کریں گے تاکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب مل کر کام کر سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چترال میں ایک جدید اسپتال کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ وہ اسلام آباد پہنچتے ہی چترال میں گیس پلانٹ لگانے کے احکامات جاری کریں گے تاکہ عوام کو بنیادی سہولتیں فوری طور پر فراہم کی جا سکیں۔

