لاہور: بابراعظم نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
بابراعظم نے اپنی 123ویں اننگز میں 4 ہزار 232 رنز مکمل کیے، جب کہ روہت شرما 4 ہزار 231 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ سابق کپتان بابر اعظم کے کیریئر میں 3 سنچریاں اور 32 نصف سنچریاں شامل ہیں، جو ان کے شاندار تسلسل اور فٹنس کا ثبوت ہے۔
عالمی فہرست میں اب بابراعظم پہلے، روہت شرما دوسرے اور ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس کامیابی کے بعد بابر اعظم نے نہ صرف پاکستانی کرکٹ کے وقار میں اضافہ کیا بلکہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی جانب سے زبردست داد وصول کی۔
دوسری جانب، پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن مقابلہ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اس تاریخی لمحے کے گواہ بننے کے لیے موجود ہوگی۔

