بابر اعظم کی بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی باولنگ نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، محسن نقوی
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ اور شاہین شاہ آفریدی کی نپی تلی باؤلنگ نے ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق یہ کامیابی ٹیم ورک، انتھک محنت اور پروفیشنل اپروچ کا نتیجہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ وہ کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سمیت تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے جس جذبے اور اتحاد کے ساتھ کھیل پیش کیا، وہ قابلِ تعریف ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ شائقین کرکٹ نے ہر میچ میں ٹیم کو بھرپور سپورٹ کیا اور اس سیریز نے پاکستانی میدانوں میں شاندار کرکٹ ماحول کو ایک نئی روح بخشی۔

