ورجینیا: سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک امریکا بزنس کانفرنس اینڈ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، کیونکہ مضبوط تجارتی تعلقات ہی پائیدار شراکت داری کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری اداروں کو امریکی مارکیٹ کے تقاضوں اور رجحانات کو سمجھتے ہوئے اپنی حکمت عملی ترتیب دینی چاہیے تاکہ وہ عالمی سطح پر زیادہ مؤثر انداز میں اپنی موجودگی کو مستحکم کر سکیں۔ رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ “سفارت کاری کا کام مواقع پیدا کرنا ہے، اور ان مواقع سے فائدہ اٹھانا کاروباری برادری کی ذمہ داری ہے۔”
سفیرِ پاکستان نے اس موقع پر سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ پاکستان میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی، زراعت، توانائی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
ورجینیا میں ہونے والی اس بزنس کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی، امریکی سرمایہ کاروں، کاروباری رہنماؤں اور حکومتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات، تجارتی وفود کے تبادلے اور کاروباری سہولیات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کے مختلف کاروباری اسٹالز کا دورہ کیا گیا، جہاں پاکستانی مصنوعات اور خدمات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

