کراچی: رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر کے علاقے منگھوپیر روڈ کنواری کالونی سے فتنہ الخوارج کے تین انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشتگردوں کی شناخت زیداللہ عرف زیدو، نورزادہ اور حضرت عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان خوارجی امیر شمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی ہیں اور تنظیمی سطح پر اس کے براہِ راست رابطے میں تھے۔ دورانِ تفتیش ان دہشتگردوں نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے مختلف افراد کے فون نمبرز شمس القیوم کو فراہم کرتے تھے، جو بعد ازاں انہی نمبروں پر بھتہ طلب کرنے اور دھمکیاں دینے کے لیے کال کرتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے کی وارداتوں میں بھی سرگرم تھے۔ ان کے ذریعے تنظیم کے لیے مالی وسائل جمع کیے جاتے تھے۔ مزید انکشافات کے مطابق ملزم نورزادہ کا بھائی خان زادہ عرف حنظلہ اور ملزم حضرت عثمان کا بھائی عمر خطاب بھی فتنہ الخوارج کے سرگرم کارندے تھے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم زیداللہ عرف زیدو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کو بھی مطلوب تھا۔ گرفتار دہشتگردوں کو ابتدائی تفتیش کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔

