امریکا میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے اہم کامیابیاں حاصل کرلیں، ریاست ورجینیا اور نیو جرسی میں پارٹی نے واضح برتری کے ساتھ میدان مار لیا۔
ریاست ورجینیا میں گورنر اور لیفٹینینٹ گورنر کے عہدوں کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد نتائج آنا شروع ہوئے تو ڈیموکریٹس نے تاریخی فتح حاصل کی۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار ایبی گیل اسپین برجر ورجینیا کی پہلی خاتون گورنر منتخب ہوگئیں۔ وہ اس سے قبل کانگریس میں خدمات انجام دے چکی ہیں اور ان کی کامیابی کو خواتین کی سیاسی نمائندگی میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
ورجینیا میں ہی ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار غزالہ ہاشمی نائب گورنر منتخب ہوگئیں۔ غزالہ ہاشمی بھارتی نژاد اور امریکا کی پہلی مسلم نائب گورنر بننے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ وہ اس سے قبل دو مرتبہ ریاستی سینیٹر منتخب ہو چکی ہیں اور جنوبی ایشیائی امریکی کمیونٹی کی ایک متحرک سیاسی رہنما سمجھی جاتی ہیں۔
دوسری جانب ریاست نیو جرسی میں بھی ڈیموکریٹس نے اپنے اہم عہدے برقرار رکھے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی عوام نے ڈیموکریٹک پارٹی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر تعلیم، صحت اور اقلیتوں کے حقوق سے متعلق اقدامات نے ووٹرز کو متاثر کیا۔

