مظفرگڑھ کے نواحی علاقے ہیڈ بکائنی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک بھکاری نے 3 لڑکیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کی کوشش کی۔ اس حملے کے نتیجے میں 2 بہنیں شدید زخمی ہو گئیں جبکہ ایک لڑکی معجزانہ طور پر بچ گئی۔
ڈپٹی سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) چوہدری جاوید کے مطابق مقامی افراد نے ایک مشکوک شخص کو جنگل کی طرف بچیوں کے ساتھ جاتے دیکھا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی ملزم نے تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا، جس کے باعث دو لڑکیاں شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا اور اس سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ زخمی لڑکیوں کو تشویشناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈی ایس پی چوہدری جاوید کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں ملزم کے بھکاری ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، تاہم حملے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ اہل علاقہ نے اس افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

