انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں یوروپا لیگ کے میچ کے دوران فلسطین کے حق میں بڑا احتجاج ہوا۔ آسٹن ولا کلب اور اسرائیلی کلب مکابی تل ابیب کے درمیان وِلا پارک اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے موقع پر ہزاروں افراد اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوئے اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی فٹبال کلبز پر بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی پابندی عائد کی جائے۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک افراد نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا کہ اسرائیل نے فلسطین میں 400 سے زائد فٹبالرز کو قتل کیا۔
مظاہرے میں مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے، مقامی سماجی کارکنان اور عام شہری بڑی تعداد میں شریک تھے۔ شرکا نے اسرائیلی حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے عالمی فٹبال اداروں سے اپیل کی کہ وہ کھیل کے میدان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز نہ کریں۔
رپورٹ کے مطابق اس مظاہرے میں برمنگھم کے مقامی رکن پارلیمنٹ محمد ایوب نے بھی شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کا میدان انسانی اقدار سے الگ نہیں، لہٰذا دنیا کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

