وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے خلاف جنگ میں غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کیا اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت آج پوری دنیا پاکستان کی بات سن رہی ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بھارت کے حملے کے بعد پاکستان نے جس جرات اور حکمت کے ساتھ جواب دیا، اس کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک افواج کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو شکست دینے کے بعد دنیا پاکستان کو ایک نئے زاویے سے دیکھ رہی ہے، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ملک نے بین الاقوامی سطح پر اپنا وقار بحال کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں پنجاب کی عوام کی جانب سے جو محبت اور اعتماد ملا، وہ ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شہباز شریف کا ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ خود کو ان کی “ایکسٹینشن” سمجھتی ہیں۔ مریم نواز کے مطابق پنجاب اب گلوبل سطح پر ترقی کی جانب گامزن ہے اور صرف ڈیڑھ برس میں ایسے منصوبے مکمل کیے گئے جنہیں اب عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور خواتین اب خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اگر پاکستان کی 51 فیصد آبادی یعنی خواتین ترقی کے عمل میں حصہ نہیں لے گی تو ملک حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کر سکتا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں ہتکِ عزت کے قوانین بنا دیے گئے ہیں تاکہ کسی کی عزت و ساکھ پر حملہ نہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کی پگڑی اچھالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، قانون سب کے لیے برابر ہے۔

