راولپنڈی: انسداد دہشتگردی عدالت نے نویں مرتبہ علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے ہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان سمیت 11 ملزمان پر 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران علیمہ خان اور ان کے وکلا آج بھی عدالت پیش نہیں ہوئے، تاہم مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے۔
علیمہ خان کی عدم پیشی پر عدالت نے نویں مرتبہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے اور انہیں گرفتار کرکے 17 نومبر کو پیش کرنے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے اور ان پر جھلاؤ گھیراؤ، کارکنان کو پُرتشدد احتجاج پر اکسانے اور کار سرکار میں مداخلت کا الزام ہے۔

