حماس نے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش واپس کردی
حماس نے غزہ سے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش ریڈ کراس کے سپرد کر دی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس بات کی باضابطہ تصدیق کی ہے کہ ریڈ کراس کو ملنے والی نعش 73 سالہ اسرائیلی یرغمالی Meny Godard کی تھی۔ بعد ازاں ریڈ کراس نے یہ لاش اسرائیلی فوج کے حوالے کر دی۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ واپس کی گئی لاش کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے اور اہلِ خانہ کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حماس غزہ امن معاہدے کے تحت اس سے قبل بھی تمام زندہ اسرائیلی یرغمالیوں سمیت متعدد یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر چکا ہے، جس کے بدلے اسرائیل نے مختلف مراحل میں فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔
معاہدے کے ان تبادلوں نے غزہ کی صورتحال، انسانی بحران اور سیزفائر کی کوششوں کے حوالے سے خطے میں ایک بار پھر نئی بحث کو جنم دیا ہے، جبکہ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ باقی یرغمالیوں کی بازیابی اور واپسی کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

