لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی علاقے صیدون میں حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ حملے کا نشانہ پناہ گزینوں کے زیر استعمال اوپن اسپورٹس گراؤنڈ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں حماس کے ارکان موجود تھے جو اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی تیاری کر رہے تھے، تاہم اس دعوے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ حملہ پناہ گزینوں کے زیر استعمال اسپورٹس گراؤنڈ پر کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا، مگر اس کے باوجود اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں بھی جنوبی لبنان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی برادری نے اس تازہ حملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور فوری تشدد میں کمی کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

