پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ صوبے میں اس سال اسموگ کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر رہی ہے اور نومبر کے مہینے میں نیلا آسمان نظر آنا حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی دلیل ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ اسموگ میں نمایاں کمی حکومت کے بروقت اقدامات اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی سمت سے معمولی آلودگی داخل ہونے کا امکان ضرور موجود ہے، تاہم مجموعی فضائی کیفیت مستحکم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فصلیں جلانے کی روایتی روش کے بجائے پرالی کو بطور ایندھن استعمال کرنے کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) نے 780 تعمیراتی سائٹس پر سپرنکلرز نصب کیے ہیں تاکہ مٹی اور گرد کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ اسموگ اسکواڈز کی روزانہ کی کارروائیاں جاری ہیں اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی سے انسپکشن ہو رہی ہے جبکہ دوپہر کے اوقات میں شمال مشرقی ہوائیں زرعی علاقوں سے کچھ دھواں لا سکتی ہیں، مگر صورتحال کنٹرول میں ہے۔
مریم اورنگزیب نے زور دیا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت اس سال اسموگ کی شدت کم ترین سطح پر ہے، اور عوام کو اس بہتری کا براہِ راست فائدہ ہو رہا ہے۔

