امریکی ریاست واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی نیشنل گارڈ کی 20 سالہ اہلکار سارہ بیک اسٹورم دم توڑ گئی۔ فائرنگ میں زخمی ہونے والے دوسرے اہلکار 24 سالہ انڈریو وولف کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ دونوں اہلکاروں کو گزشتہ روز فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سارہ بیک اسٹورم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئی جبکہ انڈریو وولف اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کی حالت بھی نازک ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ سکیورٹی اہلکار ملک کی خدمت میں مصروف ہوتے ہیں مگر غیر قانونی تارکین وطن امریکا میں آکر مسائل پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے پر حکام سے تفصیلی بات چیت کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ کو حراست میں لیا۔ امریکی حکام کے مطابق رحمان اللہ لکنوال 2021 میں صدر جو بائیڈن کے دور میں امریکا آیا تھا۔

