کراچی: آزاد کشمیر میں نئے آئی جی پولیس کی تعیناتی کے لیے مشاورت جاری ہے اور ذرائع کے مطابق سندھ کے سینئر پولیس افسر عرفان علی بلوچ کے نام کی سفارش سامنے آگئی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے آئی جی کی تقرری کے لیے وفاقی حکومت کو باضابطہ طور پر نام تجویز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس عہدے کے لیے سندھ کے دو سینئر افسران زیر غور تھے جن میں سے پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کو گریڈ 20 کے پولیس افسر عرفان علی بلوچ کا نام بھیج دیا ہے۔ عرفان بلوچ اس وقت کراچی کے ویسٹ زون میں ڈی آئی جی کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
شکارپور سے تعلق رکھنے والے عرفان علی بلوچ بدامنی کے مخصوص حالات میں مؤثر کارروائیوں کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔ وہ کراچی کے ساؤتھ زون میں بھی ڈی آئی جی کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں جہاں انہوں نے جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔
اس سے قبل حیدرآباد میں بطور ایس ایس پی تعیناتی کے دوران انہوں نے اسٹریٹ کرائم اور بدامنی پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے، جس کے بعد ان کی کارکردگی کو وسیع پیمانے پر سراہا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے نام کی سفارش کے بعد اب حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی کہ آزاد کشمیر پولیس کی قیادت کے لیے عرفان علی بلوچ کا انتخاب کیا جاتا ہے یا نہیں۔

