پاکستان نے کھیل کے میدان میں تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا، رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کو فیفا میں عہدہ مل گیا
پاکستان کے لیے فٹبال کے شعبے میں ایک اہم کامیابی سامنے آئی ہے کیونکہ رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول کو فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا میں عہدہ تفویض کر دیا گیا ہے۔ سیدہ آمنہ بتول کو فیفا کی معزز ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی میں تقرری دی گئی ہے، جو پاکستان کے لیے کھیل اور سفارت کاری کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سیدہ آمنہ بتول کی یہ تقرری پاکستان کے لیے فیفا کی جانب سے اعتماد کی تجدید اور کھیلوں میں عالمی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو مضبوط کرنے کا موقع ہے۔ وزارت نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے فٹبال کے فروغ کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا ہے اور آمنہ بتول کی تقرری سے پاکستان عالمی فٹبال برادری میں ایک باوقار اور تعمیری رکن کے طور پر ابھرے گا۔
یہ پیش رفت نہ صرف پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے اہم ہے بلکہ خواتین کی کھیلوں میں قیادت اور عالمی عہدوں پر نمائندگی کے حوالے سے بھی ایک مثبت پیغام ہے۔ سیدہ آمنہ بتول کی شمولیت سے پاکستان کے کھلاڑیوں، کھیلوں کے اداروں اور فٹبال کمیونٹی کو عالمی سطح پر اپنی آواز بلند کرنے کا موقع ملے گا۔

