بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) میں گوتم گمبھیر کی ریڈ بال کرکٹ (ٹیسٹ ٹیم) کی کوچنگ کے مستقبل کو لے کر قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوتم گمبھیر سے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ واپس لینے کی باتیں کی جا رہی ہیں اور بھارتی بورڈ نے وی وی ایس لکشمن سے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کی کارکردگی توقع کے مطابق نہ ہونے کے سبب کوچ تبدیل کرنے کی باتیں زیرِ غور ہیں، اور لکشمن کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ دینے کا امکان ہے۔
تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ان تمام افواہوں کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوتم گمبھیر کے حوالے سے صرف افواہیں ہیں اور بی سی سی آئی میں کوئی سرکاری بات نہیں ہوئی۔ راجیو شکلا نے واضح کیا کہ کسی دوسرے شخص کو کوچ لانے کی کوئی بات نہیں ہو رہی اور اس طرح کی افواہوں کو بڑھانا درست نہیں۔
واضح رہے کہ گوتم گمبھیر بھارت کی جانب سے سابق ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر رہ چکے ہیں اور کوچ کے طور پر بھی ان کا تجربہ محدود عرصے کا ہے، جس کے دوران ٹیم کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔

