ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھا جانے کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے جبکہ مختلف موٹرویز کو حفاظتی خدشات کے پیش نظر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 1 پشاور سے رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک آمد و رفت معطل ہے، جہاں دھند کے باعث حدِ نگاہ نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے شیر شاہ تک جبکہ موٹروے ایم 5 روہڑی سے شیر شاہ تک بھی شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ ان مقامات پر ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک اور موٹروے ایم 14 کوٹ بیلیاں سے عیسیٰ خیل تک بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دورانِ سفر فوگ لائٹس استعمال کرنے اور رفتار کم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند ختم ہونے اور حدِ نگاہ بہتر ہونے کے بعد موٹرویز کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر سے قبل موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 یا سوشل میڈیا کے ذریعے تازہ صورتحال معلوم کریں۔

