جعفرآباد:کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی پروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کیڈٹ کالج جعفرآباد میں یومِ والدین کی مناسبت سے ایک باوقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں والدین، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر نصیر آباد، مقامی عمائدین، سول و ملٹری افسران اور دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا مقصد کیڈٹس کی تعلیمی و تربیتی کارکردگی سے والدین کو آگاہ کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب کے دوران کیڈٹس نے اعلیٰ نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار پریڈ، ڈرل اور مختلف عملی سرگرمیاں پیش کیں۔ ان سرگرمیوں میں جسمانی تربیت، عسکری مشقیں اور تعلیمی صلاحیتوں کی جھلک نمایاں رہی، جسے والدین اور دیگر شرکاء نے بے حد سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ کیڈٹس کی کارکردگی ادارے کے اعلیٰ تربیتی معیار اور مؤثر تعلیمی نظام کی عکاس ہے۔
آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیڈٹ کالج جعفرآباد کے تعلیمی و تربیتی معیار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد جیسے ادارے نوجوان نسل کو نظم و ضبط، اعلیٰ کردار، قیادت کی صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبے سے آراستہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے ادارے مستقبل کے ذمہ دار شہری اور باصلاحیت قائدین تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ایک کیڈٹ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں کیڈٹ کالج جعفرآباد میں تعلیم حاصل کر رہا ہوں، اور ہمارے والدین کو بھی اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ان کے بچے ایک عظیم اور باوقار ادارے میں زیرِ تعلیم ہیں۔ اس کیڈٹ نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ کا دن ہمارے لیے نہایت قابلِ فخر لمحہ ہے اور میں پورے پاکستان کے والدین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک بہترین اور قابلِ اعتماد ادارہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے کالج انتظامیہ، اساتذہ اور تربیتی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ تعلیمی و تربیتی خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ والدین نے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی پیش رفت اور تربیت سے مطمئن ہیں۔

