بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جو 31 جنوری تک مؤثر رہے گی۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع میں عوامی تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے متعدد پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
اس کے علاوہ گاڑیوں پر سیاہ شیشوں کے استعمال، بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت، چار سے زائد افراد کے مجمع، کسی بھی قسم کے جلوس یا ریلی نکالنے پر پابندی ہوگی۔ عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کے لیے مفلر یا ماسک کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ سکیورٹی ادارے مؤثر نگرانی کر سکیں۔
محکمہ داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کے حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر دفعہ 144 کے نفاذ اور اس پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کریں، تاکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہیں، اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

