ایشیز سیریز: آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کو 1-4 سے ہرایا
ایشیز سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں بھی آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔ سڈنی میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میں ہوم ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچز کی سیریز 4-1 سے جیت لی۔
سڈنی ٹیسٹ میں انگلینڈ کی پہلی اننگز میں 384 اور دوسری اننگز میں 342 رنز بنائے۔ مقابلے میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 567 رنز اسکور کیے اور دوسری اننگز میں 160 رنز کا ہدف صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے ایک بار پھر اپنی کلاس کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کی اور متعدد ریکارڈز اپنے نام کیے۔
دوسری جانب، آسٹریلیا کے بیٹر عثمان خواجہ نے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں 17 اور دوسری اننگز میں 6 رنز اسکور کیے۔
یاد رہے کہ ایشیز سیریز میں آسٹریلیا نے ابتدائی تین میچز جیت کر سیریز پر غلبہ حاصل کر لیا تھا، تاہم چوتھے میچ میں انگلینڈ نے فتح حاصل کی تھی، جس کے بعد آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے شاندار واپسی کی۔

