پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 5.8 ریکارڈ
پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ سوات، شانگلہ اور بونیر میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا، جہاں شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعض علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 159 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور چین کے علاقے سنکیانگ کا سرحدی علاقہ بتایا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

