کونگو میں نایاب پہاڑی گوریلا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش
کونگو کے معروف ویرنگا نیشنل پارک میں نایاب پہاڑی گوریلا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، جسے جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق معدومیت کے خطرے سے دوچار پہاڑی گوریلا کی ایک مادہ نے نیشنل پارک میں دو نر بچوں کو جنم دیا ہے۔ یہ پیدائش 3 جنوری کو ہوئی جس کے بعد پارک انتظامیہ نے نومولود بچوں کو صحت مند قرار دیتے ہوئے انہیں خصوصی نگرانی میں رکھنے کی تصدیق کی ہے۔
ویرنگا نیشنل پارک کی انتظامیہ کے مطابق 22 سالہ مادہ گوریلا، جس کا نام مافو ہے، اپنے جڑواں بچوں کے ساتھ مکمل طور پر صحت مند ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ایک تصویر بھی جاری کی گئی ہے جس میں مادہ گوریلا اپنے دونوں بچوں کو گود میں لے کر بیٹھی ہوئی نظر آ رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پہاڑی گوریلا کی نسل دنیا کی نایاب ترین اقسام میں شمار ہوتی ہے اور جڑواں بچوں کی پیدائش اس نسل کے تحفظ کے لیے ایک بڑی امید سمجھی جا رہی ہے۔

