نیوزی لینڈ کے ساحل پر وہیل مچھلیاں پھنس گئیں، 6 ہلاک
نیوزی لینڈ کے جنوبی جزیرے کے ایک دور دراز ساحلی علاقے میں وہیل مچھلیوں کے بڑے پیمانے پر پھنسنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں 6 وہیل مچھلیاں ہلاک ہوگئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ساحل پر تقریباً 55 پائلٹ وہیل مچھلیاں پھنسی ہوئی تھیں، جن میں سے بیشتر کو بروقت کوششوں کے بعد واپس سمندر میں جانے میں مدد دی گئی، تاہم بدقسمتی سے 15 وہیل مچھلیاں بری طرح ساحل پر پھنس گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پھنسی ہوئی وہیل مچھلیاں ساحل کے تقریباً ایک کلو میٹر کے علاقے میں پھیلی ہوئی تھیں، جن میں سے 6 مچھلیاں جانبر نہ ہو سکیں۔
وہیل مچھلیوں کو بچانے کے لیے غیر سرکاری تنظیم پروجیکٹ جونا کی جانب سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جس میں رضاکار اور ماہرین شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں باقی ماندہ وہیل مچھلیوں کو محفوظ طریقے سے واپس سمندر میں چھوڑنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقوں میں اس سے قبل بھی وہیل مچھلیوں کے اس نوعیت کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جس پر ماہرین موسمیاتی تبدیلی، سمندری لہروں اور نیویگیشن میں خلل کو ممکنہ وجوہات قرار دیتے ہیں۔

