بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے سابق بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔
ویرات کوہلی نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز ترین 28 ہزار رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔
انہوں نے یہ کارنامہ اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں انجام دیا، جہاں ویرات کوہلی نے شاندار 93 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویرات کوہلی نے 624 انٹرنیشنل اننگز میں 28 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 644 اننگز میں 28 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔
واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے، جس میں ڈیرل مچل نے 84 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
جواب میں بھارت نے ویرات کوہلی اور شبمن گل کی نصف سنچریوں کی بدولت ہدف 49 اوورز میں مکمل کر لیا اور تین میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

