اسرائیل نے بھی ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام آزادی کے مستحق ہیں اور اسرائیل کی ان سے کوئی دشمنی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مسئلہ ایرانی حکومت سے ہے جو دہشت گردی اور انتہاپسندی کی سب سے بڑی برآمد کنندہ ہے۔ گیدون سار کے مطابق ایرانی حکومت نہ صرف اسرائیل بلکہ پورے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی ایرانی مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل ایران میں جاری احتجاجی مظاہروں کا بغور مشاہدہ کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی کے یہ مظاہرے پورے ایران میں پھیل چکے ہیں اور اسرائیل ایرانی عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا ہے۔ نیتن یاہو نے مظاہروں کے دوران معصوم شہریوں کے قتل کی سخت مذمت بھی کی۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ انہیں امید ہے ایرانی قوم جلد جبر اور ظلم سے نجات حاصل کرے گی۔ ان کے مطابق جب وہ دن آئے گا تو اسرائیل اور ایران ایک بار پھر اپنے عوام کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے وفادار شراکت دار بن سکیں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی ہوئی، جس میں ایران میں جاری مظاہروں کے علاوہ غزہ اور شام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ ایران میں گزشتہ 14 روز سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ ایرانی انسانی حقوق کی تنظیم کے دعوے کے مطابق دو ہفتوں سے جاری ان مظاہروں کے دوران اب تک 192 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

