لاہور ہائیکورٹ نے آوارہ کتوں کو فائرنگ اور زہر دے کر مارنے کے خلاف دائر درخواست پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
عدالت عالیہ نے اس معاملے پر پنجاب حکومت، سیکرٹری لائیو اسٹاک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آوارہ کتوں کے نام پر جاری آپریشن سے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق رہائشی علاقوں میں فائرنگ اور زہریلی اشیاء کے استعمال سے کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے، جو عوامی سلامتی کے لیے شدید خطرہ ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت فائرنگ اور زہر کے ذریعے کتوں کو مارنے کے عمل کو فوری طور پر روکے۔ مزید یہ کہ آوارہ کتوں کے مسئلے کے مستقل اور انسانی حل کے لیے ویکسی نیشن اور نیوٹرنگ پالیسی پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے تاکہ عوام اور جانور دونوں محفوظ رہ سکیں۔

