میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ باغِ جناح ایک بڑا گراؤنڈ ہے، اسے بھرنا آسان نہیں۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کراچی میں جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے پاس گراؤنڈ بھرنے کے لیے لوگ نہیں تھے تو وہ ہم سے کہتے، ہم دے دیتے۔
دوسری جانب وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج اور پی ٹی آئی دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا طرزِعمل پُرامن احتجاج کے اصولوں کے برعکس ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو چاہیے کہ وہ اپنے صوبے میں کارکردگی دکھائیں، دوسرے صوبوں میں آ کر پہیہ جام کرنے کی سیاست نہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کراچی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کیا۔ نمائش چورنگی پر خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ آج مختلف مقامات پر ان کے کارکنوں کے ساتھ پولیس گردی کی گئی، اس کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ جلسے میں شریک ہوئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں حکومت نے ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جبکہ سندھ میں بھی صوبائی حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کیں۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اب اگلا پڑاؤ خیبرپختونخوا میں ہوگا اور اسٹریٹ موومنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کا پیغام ملک بھر میں پہنچایا جائے گا۔

