بھارت کے مشہور میوزک شو ’انڈین آئیڈل‘ سیزن 3 کے فاتح گلوکار و اداکار پراشانت تمانگ انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پراشانت تمانگ کا انتقال اتوار کو نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر ہوا۔ وہ 43 برس کے تھے۔ رپورٹس کے مطابق ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
پراشانت تمانگ نے 2007 میں انڈین آئیڈل سیزن 3 جیت کر ملک گیر شہرت حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے بعد انہوں نے بھارت کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک بھی متعدد شاندار پرفارمنسز کیں اور اپنی منفرد آواز سے مداحوں کے دل جیتے۔
بعد ازاں انہوں نے 2010 میں نیپالی فلم ’گورکھا پلٹن‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس کے بعد وہ ’نشانی‘ اور ’پردیسی‘ جیسی فلموں میں اداکاری کرتے نظر آئے، جہاں ان کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔
پراشانت تمانگ نے اداکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بھارت کی مقبول ویب سیریز ’پاتال لوک‘ سیزن 2 میں ایک اہم کردار میں جلوہ گر ہوئے۔
ان کی اچانک موت کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

