لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگا دی ہے۔
صوبائی حکومت نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے یہ اقدام کیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق اب صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خریدی جا سکیں گی، جبکہ فیلڈ ڈیوٹی کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔
چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی اب الیکٹرک چارجنگ یونٹ سے مشروط ہوگی، یعنی بغیر الیکٹرک چارجنگ یونٹ کے نئے پیٹرول پمپ کی منظوری نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے "گرین انرجی” کو ترجیح دی جا رہی ہے اور صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کروائی جائے گی۔
اس کے علاوہ، نئے 170 پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ کی تنصیب لازمی ہوگی، جبکہ پنجاب کے 31 شہروں میں ان 170 نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سیز ای بزپورٹل کے ذریعے جاری کیے جا چکے ہیں۔

