ہالی وڈ: اداکاروں کی فلمیں باکس آفس پر جتنا بزنس کرتی ہیں، انہیں اتنا زیادہ کام ملتا ہے، مگر دنیا میں جس اداکارہ کی فلمیں سب سے زیادہ کمائی کرتی ہیں، اس کا نام اکثر افراد کو معلوم نہیں۔
ہالی وڈ کی اداکارہ زوئی سالڈانا نے دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، اور اب تک کوئی مرد یا عورت ان کے مقابلے پر نہیں ہے۔
47 سالہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کی نئی فلم "اوَاتار: فائر اینڈ ایش” نے دنیا بھر میں اب تک 1.2 ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے، جس کے نتیجے میں زوئی نے اسکارلیٹ جونسن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب تک زوئی سالڈانا کی فلمیں دنیا بھر میں 15.46 ارب ڈالرز کا بزنس کر چکی ہیں۔
زوئی نے اس سے قبل دو اواتار فلمیں اور مارول سنیماٹک یونیورس کی گارڈینز آف دی گلیکسی (تین فلمیں) اور ایوینجرز فلموں میں کام کیا ہے۔ باکس آفس پر کامیاب ان فلموں کے علاوہ وہ اسٹار ٹریک سیریز اور پائریٹس آف کیریبین سیریز کی پہلی فلم میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ 2024 میں اسکارلیٹ جونسن دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اداکارہ بنی تھیں، جب ان کی فلم "جراسک ورلڈ ری برتھ” نے 86 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا۔ اسکارلیٹ جونسن نے بھی مارول یونیورس کی متعدد فلموں میں کام کیا ہے۔
اگرچہ "اوَاتار: فائر اینڈ ایش” بظاہر سابقہ اواتار فلموں جتنا بزنس کرنے میں ناکام ہو سکتی ہے، پھر بھی اسے باکس آفس پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ زوئی سالڈانا نے گزشتہ سال بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
فلم کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون اواتار سیریز کی مزید دو فلموں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، مگر اس کی حتمی تصدیق ابھی تک نہیں ہوئی۔

