کراچی میں سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے ای چالان کے بعد اب موبائل فون کے خصوصی ایپ کے ذریعے بھی ای چالان کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس سلسلے میں ایک خصوصی ایپ تیار کر لی گئی ہے، جس سے جلد ہی تجرباتی طور پر کام شروع کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ یہ ایپ کراچی کے مجاز پولیس افسران کے ذاتی موبائل فون میں ڈاؤن لوڈ کی جائے گی۔ ڈیوٹی کے دوران پولیس افسر اپنے علاقے میں کسی بھی گاڑی کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی دیکھے گا تو وہ ایپ کے ذریعے اس کی تصویر بنائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق خودکار سسٹم کے تحت یہ تصویر ٹریفک پولیس کے ای چالاننگ افسر تک جائے گی، جو اس خلاف ورزی کا ای چالان جاری کرے گا۔ اس ای چالان میں ٹریفک پولیس افسر کی بھی شناخت شامل ہوگی۔

