ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے قائم کیے جانے والے بورڈ آف پیس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کو غزہ سے متعلق بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گا۔
طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کے منصوبے کے تحت غزہ بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔
غزہ میں ’’بورڈ آف پیس‘‘ کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے۔ اس بورڈ کا مقصد سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی اور حکومتی نظام میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کی جائے گی۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ بورڈ کی تشکیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بورڈ اسرائیلی حکومت کی پالیسی کے خلاف ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بورڈ کی تشکیل کے لیے اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ گڈیون سار غزہ بورڈ کا معاملہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اٹھائیں گے۔

