صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کرکے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کی تازہ صورتحال دریافت کی۔
صدر مملکت نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو امدادی کاموں کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہتے ہوئے اسے سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کی نگہداشت اور متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دکھ و مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

