کراچی: سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سابق صدر عارف علوی کا ڈینٹل کلینک ڈی سیل کر دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سابق صدر مملکت عارف علوی کے ڈینٹل کلینک کو سیل کیے جانے کے معاملے پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت بیرسٹر علی طاہر نے عدالت کو بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے توہین عدالت کی درخواست دائر ہونے کے بعد ڈینٹل کلینک کو ڈی سیل کر دیا ہے۔
بیرسٹر علی طاہر نے موقف اختیار کیا کہ کلینک ڈی سیل ہونے کے بعد وہ کیس میں مزید کارروائی نہیں چاہتے۔
عدالت نے درخواست گزار کے موقف کو ریکارڈ پر لیتے ہوئے ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔

