اسرائیل کے لیے سابق امریکی سفیر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو، سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کے دورِ صدارت میں اسرائیل میں امریکا کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اسرائیلی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو میں سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے کہا کہ صدر ٹرمپ آنے والے ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سابق امریکی سفیر کا یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی سپریم لیڈر نے الزام عائد کیا تھا کہ ایران میں تشدد، مظاہروں اور قتل کے واقعات میں امریکی صدر ملوث ہیں۔
ڈان شپیرو نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق کہا کہ وہ اب 86 برس کے ہو چکے ہیں اور ایک بیمار شخص ہیں، اس لیے ایران کو اس وقت نئی قیادت کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں سابق امریکی سفیر نے کہا کہ جلد امریکا کا ایک بڑا بحری بیڑا مشرق وسطیٰ میں موجود ہوگا، جو ایران پر ممکنہ حملے کو نہ صرف آسان بنائے گا بلکہ ایران کی جانب سے کسی بھی جواب کی صورت میں دفاعی تیاریوں میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
ڈان شپیرو کا مزید کہنا تھا کہ امریکا ایرانی فورسز پر مزید حملے بھی کر سکتا ہے۔

