لاہور: بھیکے وال پنڈ میں پالتو شیرنی کے حملے سے 8 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے دوران بچی کے کان اور گردن پر زخم آئے، جبکہ اس کی ٹانگ بھی زخمی ہوئی ہے۔ زخمی بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق شیرنی کے مالک نے اسے گھر میں پالا ہوا تھا اور واقعے کے بعد شیرنی کے ساتھ ملزمان فرار ہوگئے ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شیرنی کے مالک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور بچی کے محفوظ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

