لیہ:2 درخواستیں فوری حل کر دی گئیں، باقی کے لیے محکموں کو احکامات جاری
لیہ (نیوز رپورٹر ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایس پی محمد حیات،اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی تسنیم احمد خان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے موصول ہونے والی 13 درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جن میں سے دو درخواستوں کو موقع پر حل کر دیا گیا جبکہ باقی درخواستوں کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ محکموں کو ضروری احکامات جاری کیے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کا فوری اور شفاف حل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اے ڈی سی آر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیر التواء درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ اوورسیز پاکستانیز کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

