سرگودھا میں میاں بیوی کی خودکشی کا ایک دلسوز واقعہ پیش آیا ہے، جس نے علاقے میں شدید غم و غصے کی فضا پیدا کر دی ہے۔
واقعے کے بعد موت سے قبل ریکارڈ کیا گیا خاتون کا ویڈیو بیان منظرِ عام پر آ گیا ہے، جس میں اس نے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ خاتون نے ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ تھانے کے اہلکار انہیں مسلسل دھمکیاں دے رہے تھے۔
ویڈیو بیان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے مبینہ طور پر 5 تولہ سونا اور 25 لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ خاتون نے کہا کہ رشوت نہ دینے کی صورت میں پولیس نے جسمانی ریمانڈ اور تشدد کی دھمکیاں دیں، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے۔
خاتون نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ ذلت اور بے عزتی سے بچنے کے لیے اپنی مرضی سے زہریلی گولیاں کھانے پر مجبور ہوئیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد واقعے نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی شدید ردِعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جن اہلکاروں پر الزامات لگائے گئے ہیں، ان سے مکمل تفتیش کی جائے گی اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

