سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ توقع کی جا رہی ہے کہ امریکا جلد امیگریشن ویزے سے متعلق پابندی اٹھا لے گا۔
واشنگٹن میں گفتگو کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے بتایا کہ پاکستان اس معاملے پر امریکی حکام سے بات کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد امریکی حکومت امیگریشن ویزے پر عائد پابندی ختم کر دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شناخت پر آنے والے افغان شہریوں کے مسائل بھی امریکی حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے۔
سینیٹر نے کہا کہ جلد پاکستان سے ایک اور پارلیمانی وفد امریکا کا دورہ کرے گا تاکہ عوامی نمائندوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکے اور ویزے سے متعلق مسائل حل ہوں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان سمیت 75 ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیس روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔ متاثرہ ممالک میں صومالیہ، روس، ایران، افغانستان، برازیل، نائجیریا، تھائی لینڈ، عراق، اردن، قازقستان، کویت، کرغزستان، لبنان، لیبیا، نیپال، کانگو، روانڈا، سوڈان، شام، تنزانیہ، ازبکستان شامل ہیں۔ مزید برآں پاکستان، افغانستان، روس اور ایران کے لیے بھی امیگرنٹ ویزا پراسیس عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

