پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جمعرات کو اڈیالہ جیل کا دورہ کریں گے۔
سہیل آفریدی نے ہفتے کے دن مردان میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو وہ خود اور ان کی قیادت جیل جائیں گے تاکہ وہاں زیر حراست افراد کے معاملات کا جائزہ لیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مذاکرات کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپی گئی ہے، اور بہت جلد ان “چوروں، ڈاکوؤں اور ظالموں” کا حساب کتاب کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کی مردان آمد پر شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔ مظاہرین، جن میں عبدالولی خان سمیت دیگر جامعات کو اپنی زمینیں دینے والے افراد شامل تھے، نے اپنی زمینوں کے معاوضے کے فوری اجراء کا مطالبہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے ان کے حقوق معطل ہیں اور حکومت کو انہیں انصاف فراہم کرنا چاہیے۔
حکام نے مظاہرین کے ساتھ بات چیت کے لیے انتظامات کیے ہیں اور صورتحال کو پرامن رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

