پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کل سے شروع ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹریوس ہیڈ کو دیے جانے کا قوی امکان ہے۔ آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ کپتان میچل مارش کو ابتدائی میچ میں آرام دیے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس بھی پہلے میچ میں ٹیم کا حصہ نہ ہوں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میچل مارش اور جوش انگلس نے اتوار کے روز بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کا فائنل کھیلا تھا، جس کے باعث ٹیم مینجمنٹ ورک لوڈ مینجمنٹ کے اصول کے تحت دونوں کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ اسی تناظر میں قیادت کی ذمہ داری تجربہ کار بیٹر ٹریوس ہیڈ کو سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میچل مارش کی ممکنہ غیر موجودگی میں ٹریوس ہیڈ کو کپتان بنانا آسٹریلوی ٹیم کے لیے ایک اہم فیصلہ ہوگا، کیونکہ ہیڈ نہ صرف جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں بلکہ مختلف فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ شائقین کی جانب سے اس ممکنہ تبدیلی کو خاصی توجہ کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا، جس کے لیے دونوں ٹیمیں تیاریوں کے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم آج لاہور پہنچ رہی ہے، جہاں سیریز سے قبل پریکٹس سیشنز اور پلیئنگ الیون کی حتمی تشکیل متوقع ہے۔ ممکنہ ٹیم کمبینیشنز اور کھلاڑیوں کی شمولیت یا آرام سے متعلق فیصلوں پر شائقین کی گہری نظر ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 29 اور 31 جنوری کو کھیلی جائے گی، جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ یکم فروری کو شیڈول ہے۔ سیریز کو دونوں ٹیموں کے لیے آئندہ بین الاقوامی مصروفیات سے قبل ایک اہم امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔

